بنگلورو،10؍فروری (ایس او نیوز) بروہت بنگلورمہا نگر پا لیکے(بی بی ایم پی) کمشنر منجوناتھ پر ساد نے کہا کہ کووڈ۔شیلڈ ویکسین لینے والے افراد کو شراب کا استعمال کر نے یا پھر کھا نے پینے میں کسی طرح کا پرہیز کرنے کی کو ئی پابندی نہیں ہے۔ ویکسین لینے کی وجہ سے ابتک کسی کی موت نہیں ہو ئی ہے،لو گوں کو پورے اطمینان کے ساتھ کووڈ۔ شیلڈ ویکسین لینا چا ئیے۔
فرنٹ لائن وارئیرس کو کووڈ۔ شیلڈ ویکسین دئے جانے کے پروگرام کا آغاز کر نے کے بعد پرساد نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ حاملہ اور بچوں کو ویکسین لینا ممنوع ہے،ان کے سوا کسی کو بھی ویکسین لینے سے کو ئی پریشانی نہیں ہے۔ ویکسین کو لے کر جو غلط فہمیاں پیدا ہو ئی ہیں انہیں دور کر نے کے مقصد سے ہی انہوں نے بی بی ایم پی اڈمنسٹریٹر گوروگپتا کے ہمراہ آج ویکسین لیا ہے۔
کمشنر نے بتا یا کہ شہر میں 70فیصد افراد کو ویکسین دی گئی۔ قوت مدافعت میں اضافہ ہو نے سے ہی کورونا وائرس پر قابو پا یا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتا یا کہ اب تک1.83/لاکھ افراد نے کووڈ۔ شیلڈ ویکسین لینے کے لئے اپنے ناموں کا اندراج کروا یا ہے جن میں 80ہزار افراد نے ویکسین لیا ہے جبکہ بقیہ افراد ویکسین نہیں لے پا ئے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں ویکسین لئے افراد کودوسرے مرحلہ کا ویکسین بھی لینا ضروری ہے،جس کے لئے بی بی ایم پی نے تمام تیاریاں کر رکھی ہیں۔ ایک ڈوس ویکسین لینے والے افراد کو دوسرا ڈوس بھی لینا ضروری ہے ورنہ ویکسین کا اثر نہیں رہے گا۔ ویکسین لینے والے افراد میں مضر اثرات ہو نے اور فوت ہو نے کی خبروں میں کو ئی سچائی نہیں ہے۔
انہوں نے صاف طور پر کہا کہ کووڈ۔شیلڈ ویکسین سے ابھی تک کوئی فوت نہیں ہوا ہے۔چند افراد غلط پرو پگنڈہ کر تے ہو ئے عوام میں ڈر و خوف پیدا کر نے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے عوام سے گزارش کی کہ وہ ان بے بنیاد خبروں کو نظر انداز کر تے ہو ئے کورونا وائرس پر مکمل قابو پا نے کے لئے ویکسین کو ہر حال میں لیں۔
انہوں نے بتا یا کہ کسی بھی ویکسین سے چھوٹے موٹے اثرات ہونا عام بات ہے،اس سے گھبرا نے کی ضرورت نہیں ہے۔ کمشنر نے بتا یا کہ محکمہ پو لیس کے27ہزار اور بی بی ایم پی ملاز مین سمیت 60ہزار فرنٹ لائن وارئیرس کو کووڈ۔ شیلڈ ویکسین دینے کا پروگرام مرتب کیا گیا ہے۔جس کے تحت شہر میں آٹھ سنٹرز قا ئم کئے گئے ہیں۔ہر ایک سنٹر میں فی کس100/افراد کو ویکسین دی جا ئے گی۔ ویکسین دئے جا نے کا یہ پروگرام ایک ہفتہ تک جاری رہے گا۔
اس مو قع پر بی بی ایم پی اڈمنسٹریٹر گورو گپتا نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں محکمہ صحت کا عملہ، دوسرے مر حلہ میں فرنٹ لائن وارئیرس کو ویکسین دی جائے گی۔اگلے مر حلہ میں 50سال سے زیادہ عمر کے افراد کی نشاندہی کر کے انہیں ویکسین دی جائے گی۔